Discover postsExplore captivating content and diverse perspectives on our Discover page. Uncover fresh ideas and engage in meaningful conversations
کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں ایک گھر میں 40 منٹ تک ڈکیتی کی واردات کرنے والے ڈکیتوں کی دیدہ دلیری اور سفاکی نے محکمہ پولیس کی کارکردگی پر سوال کھڑا کر دیا ہے، مسلح ڈکیتوں نے واردات کے بعد گلی میں چوکیدار کو گولی بھی ماری۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 7 میں تین روز قبل دن دہاڑے 5 ڈاکوؤں نے ایک گھر میں ڈکیتی کی واردات کی تھی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہیں۔
واردات کے بعد ڈاکوؤں نے گلی میں شہریوں کی موٹر سائیکلیں بھی چھینیں اور فرار ہونے سے قبل گلی میں موجود چوکیدار کو بھی گولی مار دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔
مسلح ڈاکو ایک کے بعد ایک واردات کرتے رہے لیکن پولیس نہ پہنچی، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 5 ڈاکو گھر میں داخل ہوئے اور اہل خانہ کو یرغمال بنا لیا، اہل خانہ نے ایف آئی آر میں لکھوایا کہ 2 ڈاکو پینٹ شرٹ اور 3 شلوار قمیض میں ملبوس تھے، اور انھوں نے گھر والوں کو ایک کمرے میں بند کیا۔
مدعی سید احمد حنین کے مطابق ڈاکوؤں نے الماریوں سے 2 لاکھ 5 ہزار نقدی، اور 4 لاکٹ چین سیٹ لوٹے، 3 چین، 16 انگوٹھیاں، 1 قیمتی گھڑی، 1 موبائل فون، مرحوم بھائی کا لائسنس یافتہ پستول بھی لوٹ لیا، مدعی نے بتایا کہ ڈاکو اطمینان سے 40 منٹ تک گھر میں واردات کرتے رہے، اور ڈکیتی کے بعد شور سن کر پیچھے آنے والے چوکیدار کو بھی ٹانگ میں گولی مار دی۔
فوٹیج میں ڈاکوؤں نے گلی میں موجود شہری سرفراز اور شہزاد سے موٹر سائیکلیں چھینیں، اور اپنی دونوں موٹر سائیکلیں گلی میں پھینک کر فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس نے تھانہ گلستان جوہر میں مقدمہ درج کرنے کے بعد کیس تفتیشی پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
کراچی : کمشنر کراچی سہیل راجپوت نے آٹے کی نئی قیمتیں مقرر کردی ، نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگا اور ہر جمعے کو قیمتوں پر نظر ثانی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی سہیل راجپوت نے آٹے کی قیمتوں کا نیا تصحیح شدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ، پرانے نوٹیفکیشن میں ایکس مل، فائن اور چکی آٹے کے نرخ جاری نہیں کیے گئے تھے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈھائی نمبر آٹے کی ایکس مل قیمت 120 ، ہول سیل قیمت 123 روپےفی اور ڈھائی نمبر آٹے کی ریٹیل سطح پر قیمت 128 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
فائن آٹے کی ایکس مل قیمت 130 روپے فی کلو ، فائن آٹے کی ہول سیل قیمت 133 اور ریٹیل قیمت 138 روپے فی کلو مقرر ہے جبکہ چکی آٹے کی قیمت 140 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی۔
کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ کراچی میں آٹے کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگا، اسسٹنٹ کمشنرز آٹے کی سرکاری قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔
سہیل راجپوت نے مزید کہا کہ آٹے کی قیمتوں پر نظر ثانی ہر جمعے کو کی جائے گی۔