کراچی : کمشنر کراچی سہیل راجپوت نے آٹے کی نئی قیمتیں مقرر کردی ، نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگا اور ہر جمعے کو قیمتوں پر نظر ثانی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی سہیل راجپوت نے آٹے کی قیمتوں کا نیا تصحیح شدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ، پرانے نوٹیفکیشن میں ایکس مل، فائن اور چکی آٹے کے نرخ جاری نہیں کیے گئے تھے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈھائی نمبر آٹے کی ایکس مل قیمت 120 ، ہول سیل قیمت 123 روپےفی اور ڈھائی نمبر آٹے کی ریٹیل سطح پر قیمت 128 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
فائن آٹے کی ایکس مل قیمت 130 روپے فی کلو ، فائن آٹے کی ہول سیل قیمت 133 اور ریٹیل قیمت 138 روپے فی کلو مقرر ہے جبکہ چکی آٹے کی قیمت 140 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی۔
کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ کراچی میں آٹے کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگا، اسسٹنٹ کمشنرز آٹے کی سرکاری قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔
سہیل راجپوت نے مزید کہا کہ آٹے کی قیمتوں پر نظر ثانی ہر جمعے کو کی جائے گی۔