نواب شاہ : جی ڈی اے کی پانچ جماعتوں کے رہنماؤں نے 8 فروری کو ہونے والے الیکشن کے حوالے سے متفقہ طور پر حتمی فیصلے کا اعلان کردیا۔
نواب شاہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صفدرعباسی، سردارعبدالرحیم اور دیگر نے صحافیوں کو بتایا کہ جی ڈی اے کی پانچوں جماعتیں انتخابات میں مشترکہ طور پر حصہ لیں گی۔
جی ڈی اےرہنما صفدر عباسی نے کہا کہ ہم تمام جماعتوں کو اس اتحاد میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں، صوبہ سندھ کی تعلیم اور انفرااسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کو ملنے والے ورلڈ بینک کے پیسے کہاں خرچ ہوئے کسی کو کچھ نہیں پتہ، سندھ میں 15سال پیسوں کے ذریعے ایک نظام مسلط رہا ہے۔ پیپلز پارٹی کو عام انتخابات میں عوام مسترد کردینگے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردارعبدالرحیم نے کہا کہ جی ڈی اے میں شمولیت کیلئے بہت سے لوگوں نے رابطہ کیا ہے، گزشتہ 16ماہ جی ڈی اے کی ایک خاتون رکن اسمبلی 13جماعتی اتحاد پر بھاری تھی۔
سردارعبدالرحیم نے مزید کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سمیت دیگر سیاسی جماعتیں پی پی جیسے ناسور سے جان چھڑانے کیلئے متحد ہیں۔